ترجمہ و ترتیب: مولانا سید کرامت حسین شعور جعفری
حوزہ نیوز ایجنسی| وَبِقُوَّتِکَ الَّتِی قَھَرْتَ بِهَا كُلَّ شَیْءٍ، وَخَضَعَ لَهَا كُلُّ شَیْءٍ، وَذَلَّ لَهَا كُلُّ شَیْءٍ (تیری اُس قوت کے ذریعے جس سے تو نے ہر شئے کو مغلوب کیا، ہر شئے تیرے آگے جھک گئی، اور ہر شئے تیرے حضور خاضع ہو گئی۔)
یہ جملہ دراصل الٰہی اقتدارِ مطلق کا بیان ہے، وہ نکتہ جہاں عقل کی رسائی ختم ہو جاتی ہے اور ایمان سراپا تسلیم بن جاتا ہے۔ یہاں بندہ خدا کی قدرت کو کسی تشبیہ یا تمثیل سے نہیں پہچانتا بلکہ اُس کے اثر سے واقف ہوتا ہے — وہ اثر جو گردشِ افلاک میں جھلکتا ہے، جو بحر و بر کے توازن میں محسوس ہوتا ہے، جو ایک قطرۂ آب میں حیات کی پوری کہانی لکھ دیتا ہے۔ یہ “قُوَّتُکَ” وہ ارادۂ ازلی ہے جس کے اشارے پر کہکشائیں مڑتی ہیں اور وقت کے لمحے اپنی حد کھو دیتے ہیں۔ یہی وہ قوت ہے جس کے بارے میں قرآن نے فرمایا: إِنَّ اللَّهَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ — وہ قوت جو محض طاقت نہیں بلکہ نظم، عدل اور حکمت کا جمال ہے۔
یہ جملہ بندے کے شعورِ عبودیت کو بلند کرتا ہے۔ “قَھَرْتَ بِهَا كُلَّ شَیْءٍ” میں قہر کا مطلب ظلم یا جبر نہیں، بلکہ وہ مکمل غلبہ ہے جو ربوبیت کی شان سے ہم آہنگ ہے۔ یعنی کائنات میں کوئی شے اس کی اجازت کے بغیر حرکت نہیں کر سکتی، نہ ذرّہ جنبش کرتا ہے، نہ نسیم چلتی ہے، نہ دل دھڑکتا ہے مگر اسی قوت کے اذن سے۔ یہی وہ نکتہ ہے جہاں انسان اپنے محدود اختیار کا ادراک کرتا ہے اور اپنی تدبیر کو تقدیر کے تابع دیکھتا ہے۔ خضوع و ذلّت یہاں بندگی کی کمزوری نہیں بلکہ معرفت کی معراج ہے — کہ جو جتنا زیادہ خدا کی قوت کو پہچانتا ہے، اتنا ہی زیادہ خود کو اس کے حضور جھکاتا ہے۔
اور جب بندہ یہ کہتا ہے: “وَبِقُوَّتِکَ الَّتِی قَھَرْتَ بِهَا كُلَّ شَیْءٍ” تو دراصل وہ اپنی تمام طاقت، عقل اور ارادے کو اسی مرکز میں ضم کر دیتا ہے۔ اس کے لیے دنیا کے طوفانوں میں سکون پیدا ہوتا ہے، کیونکہ وہ جان لیتا ہے کہ ہر تغیر، ہر ابتلا، ہر شکست کے پیچھے بھی اُسی کی قوت کارفرما ہے جو خیر محض ہے۔ یہ جملہ ایک روحانی توازن عطا کرتا ہے: کہ بندہ تدبیر کرے مگر تکبر نہ کرے، کوشش کرے مگر قہرِ الٰہی سے بے نیاز نہ ہو۔ یہی وہ معرفت ہے جس پر ایمان استوار ہوتا ہے — کہ قدرتِ خدا ہر شے پر حاکم ہے، مگر اُس کی حاکمیت میں جمال، اُس کے قہر میں کرم، اور اُس کی طاقت میں رحمت پوشیدہ ہے۔
06:28 - 2025/10/17









آپ کا تبصرہ